پشاور۔ 02 نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی واپسی منظم طریقے سے جاری ہے، اب تک 128000 افراد کی رضاکارانہ طور پر واپسی ہوچکی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات نے جمعرات کو میڈیا کرکٹ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے ایک نمائشی میچ جو چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا الیون اور پریزیڈنٹ (پریس کلب پشاور) الیون کے درمیان کھیلا گیا میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔میچ کے اختتام پر آفیسرز، صحافیوں اور دیگر شرکاء سے خطاب میں نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ تناؤ کے اس ماحول میں یہ ایونٹ خوشی کا باعث ہے،
ایسے ایونٹ زیادہ سے زیادہ ہونے چاہئیں، میچ میں سیکریٹریز بڑے فٹ نظر آئے جو اچھی بات ہے، میں نے ایمپائرنگ کی اور میچ سے محظوظ ہوا، میچ جیتنے پر چیف سیکرٹری الیون کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسے ایونٹس صحت مند تفریح فراہم کرنے کا بہترین موقع ہیں. اس موقع پر صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء، خصوصاً نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا مصروفیات کے باوجود اس موقع پر شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا.
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں 260 صحافی شرکت کررہے ہیں، صحافیوں کی تفریح کے لئے مزید ایسے ایونٹ منعقد کئے جائیں گے. اختتام پر صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک نے مہمان خصوصی نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کو سوئنیر پیش کیا. بہترین کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر مین آف دی میچ قرار پائے.اس سے پہلے میچ کا آغاز چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے بیٹنگ سے کیا. چیف سیکرٹری ایلون نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ 50 رنز سے اپنے نام کیا.
پریذیڈنٹ(پریس کلب پشاور) الیون کی قیادت سینئر صحافی شمیم شاہد نے کی اور رنراپ قرار پائی. دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی منظم طریقے سے جاری ہے اور اب تک 128000 افراد کی رضاکارانہ طور پر واپسی ہو چکی ہے، صوبائی نگران حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ انکی عزت و احترام سے واپسی ہو، ویزا پروسس کے ذریعے پاکستان واپس آنے والوں کو ویلکم کیا جائیگا،
انہوں نے کہا کہ امن و امان اور سیکورٹی اولین ترجیح ہے، غیر قانونی افراد کی واپسی کو میڈیا آزادانہ طور پر رپورٹ کررہاہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی سے متعلق کوئی ایسا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا جس پر ایکشن لینے کی ضرورت ہو لیکن اگر رپورٹ ہوا تو ایکشن لیں گے. الیکشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیول پلینگ فیلڈ فراہم کریں گے، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ا نتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن کے احکامات کے عین مطابق نگران حکومت اقدامات کرے گی۔