غیر معیاری کھل، بنولہ اور پھپھوندی لگی روٹی کے فروخت روکنے کے لیے احکامات جاری

220
وزیرا علیٰ پنجاب محسن رضا نقوی

سیالکوٹ ۔7ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈائیریکٹر ڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا ہے کہ دودھ و گوشت کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے غیر معیاری، ملاوٹ شدہ، کھل، بنولہ اور پھپھوندی لگے روٹی کے ٹکڑے فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں و جانوروں کی دودھ گوشت کی پیداوار بڑھانے اور انہیں مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے غیر معیاری، ملاوٹ شدہ، کھل، بنولہ وغیرہ فروخت سے روکنے کے لیے لائیو سٹاک آفیسرز اور دیگر حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس ضمن میں سخت ترین اور بروقت کاروائیاں یقینی بنائیں جبکہ کھل، بنولہ کی ناجائز ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کیساتھ بھی کوئی رعائت نہ برتی جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ روٹی کے ٹکڑے اور کھل بنولہ میں نمی کا تناسب 8فیصد سے زیادہ کے علاوہ کسی قسم کی ملاوٹ از قسم ہسپتالوں کی استعمال شدہ ناکارہ روئی، بورا، پھک، رائس پالش،مکئی کے تکے،کھوکھڑی اور مصنوعی رنگ وغیرہ کا استعمال بھی جرم قرار دیدیا گیاہےلہٰذا تمام متعلقہ افراد کسی قسم کی غیر قانونی حرکت سے اجتناب برتیں و رنہ ان کے ساتھ کوئی رعا یت نہیں برتی جائے گی۔