غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ذوالفقار عباس بخاری

81

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ہر ممکن کوشش ہے تمام وسائل کو بروئے کا ر لاتے ہوئے قیدیوں کی جلد رہائی ممکن ہوسکے۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ذوالفقار بخاری نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ سابقہ حکومت نے قیدیوں کی رہائی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے تاہم تحریک انصاف کی حکومت اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ایسے افراد جو اپنی سزا مکمل کرچکے ہیں یا تھوڑی سزا باقی ہے انہیں فوری رہا کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں میں اکثر ایسے افراد شامل ہیں جو غیر قانونی طریقے سے ایران کے راستے ،ترکی اور پھر یورپ جانے کی کوشش کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی ترکی میں اپنے حالیہ دورہ کے دوران وہاں پر مختلف جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے بات چیت کی تھی،اس حوالے سے آنے والے دنوں میںترکی کے حکام سے مزید بات چیت ہوگی تاکہ قید یوں کی رہائی ممکن ہوسکے،اسی طرح دبئی کو حکومت کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی ہے وہاں پر قیدیوں کی رہائی کے لئے کوشش کررہے ہیں خاص طور پر ایسے قیدیوں کو فوری رہا کردیا جائے جو معمولی جرم کے مرتکب ہوئے اور جرمانے ادا نہیں کئے یا جن کو مناسب قانونی رہمنائی میسر نہیں سکی۔انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت سعودی عرب اور قطر کے حکام کے ساتھ بھی رابطے میں تاکہ وہاں پر قید پاکستانیوں کو بھی رہائی مل سکے اور ہم بحرین کی طرف سے 12پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔واضح رہے تین ماہ قبل وزارت داخلہ کی طرف سے عدالت میں جمع کرائی رپورٹ سے بتایا گیا ہے کہ 11ہزار 803سے زائد پاکستانی غیر ملکی جیلوں میں قید ہیں۔