غیر ملکی خریدار اکتوبر میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے پر عزم ہیں، کارپٹ ایسوسی ایشن

9

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد نے رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش میں شرکت کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اب تک ہونے والے رابطوں کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی رہنمائی اور معاونت سے عالمی ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے پر عزم ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائش کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیبیشن کمیٹی ریاض احمد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، غیر ملکی خریداروں سے رابطوں اور مجموعی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان،سینئر مرکزی رہنما عثمان اشرف ،سعید خان ، میجر(ر)اختر نذیر اور دیگر ممبران شریک ہوئے ۔میاں عتیق الرحمان اور ریاض احمد نے کہا کہ عالمی نمائش ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان پر عزم ہیں کہ ہم نے انفرادی اور اجتماعی طور پر عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔

ایسوسی ایشن نمائش کی کامیابی کیلئے اپنی بھرپور تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے ،عالمی نمائش میں غیر ملکی خریداروں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے موثر رابطے کئے گئے ہیں اور قوی امید ہے کہ نمائش کے کامیاب انعقاد سے مشکلات سے دوچار اس صنعت کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مینو فیکچررز عالمی نمائش میں ڈسپلے کی جانے والی مصنوعات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں کیونکہ اس کے ذریعے ہم نے اپنی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ بھی کرنی ہے۔

مذکورہ نمائش ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو ترقی دینے کا ذریعہ ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت معاونت کرے تو اس صنعت میں بڑا پوٹینشل موجود ہے جس سے پاکستان کیلئے بڑے پیمانے پر زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔