اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سال 20-2019 کے دوران کاروباری و سماجی ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے 16 ارب روپے خرچ کئے ہیں۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی سی آئی کےرکن اداروں نے کاروباری و سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے مجموعی طورپر 8 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ پاکستان بھر میں 62 ملین سے زیادہ براہ راست مستفید ہونے والوں کی معاونت اور امداد کے لئے کئے گئے اخراجات اس سے علیحدہ ہیں۔ او آئی سی سی آئی کی سالانہ سی ایس آر رپورٹ 20-2019 کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے کاروباری و سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے تحت 16 ارب روپے خرچ کئے ہیں۔ کووڈ۔19 کی حالیہ عالمی وبا کی مشکلات کے خاتمہ کے لئے 100 سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے حکومتی اقدامات کی بھر پور معاونت بھی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق او آئی سی سی آئی کے رکن اداروں نے اپنے منفرد سی ایس آر پروگرام کے تحت اپنے ملازمین کی معاونت سے 1.5 ملین گھنٹے صرف کٹے ہیں اور سماجی و ترقیاتی شعبہ کے 160 مختلف اداروں کے ساتھ شراکت دارں کے تحت اقدامات بھی کئے ہیں۔ سی ایس آر کے تحت ملک بھر میں اقدامات کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے سندھ میں 29 فیصد، پنجاب میں 26 فیصد، خیبر پختونخوا میں 14 فیصد، بلوچستان میں 12 فیصد، سابقہ فاٹا میں 6 فیصد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 8، 8 فیصد وسائل سے استفادہ کیا گیا ہے۔ او آئی سی سی آئی میں 200 غیر ملکی سرمایہ کار شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں جن کا تعلق دنیا کے 35 مختلف ممالک سے ہے۔