
اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اگست کے دوران ماہانہ بنیادوں پرجولائی کے مقابلہ میں 87.94فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اگست 2022 کے دوران ماہانہ بنیادوں پر ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جولائی 2022 کے مقابلے میں 87.94 فیصد اضافہ ہوا۔وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق اگست 2022 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 110.7 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی 2022 میں یہ سرمایہ کاری 58.9 ملین ڈالرتھی۔
رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران رقوم کی آمد میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26.1 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔جولائیـاگست 2022ـ23 کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 169.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ جولائی اگست (2021ـ22) کے دوران یہ سرمایہ کاری 229.5 ملین ڈالر تھی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق چین سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 32.7ملین ڈالر،متحدہ عرب امارات25.5ملین ڈالر ، سوئٹزرلینڈ سے 23.3 ملین ڈالراور نیدرلینڈ سے 16.8 ملین ڈالررہی ۔سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاور سیکٹر میں 80.4ملین ڈالر کی گئی ۔ ، فنانشل بزنس 50.7 ملین ڈالر،اور کمیونیکیشن 25.ملین ڈالرز کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ۔غیر ملکی نجی پورٹ فولیو سرمایہ کاری نے جولائی تا اگست مالی سال 2023 کے دوران 6.7 ملین ڈالر کا خالص اخراج درج کیا ہے۔
غیر ملکی پبلک پورٹ فولیو انویسٹمنٹ نے 18.4 ملین ڈالر کا خالص اخراج ریکارڈ کیا جبکہ جولائی تا اگست مالی سال 2023 کے دوران کل غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 25.1 ملین ڈالر کا اخراج ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 961.6 ملین ڈالر کی آمد تھی۔جولائی تا اگست مالی سال 2023 کے دوران کل غیر ملکی سرمایہ کاری 144.4 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال 1191.1 ملین ڈالر تھی۔