غیر ملکی صحافیوں نے ایس سی او میڈیا سینٹر میں بہترین انتظامات کو سراہا
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 23ویں سربراہان کونسل کے اجلاس کی کوریج کے لیے آنے والے غیر ملکی صحافیوں نے بدھ کو ایس سی او میڈیا فسیلیٹیشن سینٹر میں بین الاقوامی صحافیوں کے لیے کیے گئے انتظامات کی تعریف کی۔میڈیا نمائندوں کا کہنا تھا کہ پاک چین فرینڈ شپ سینٹر میں کیے گئے انتظامات میں تھیمٹیک سیٹنگ، ڈیجیٹل لائبریری، تیز رفتار انٹرنیٹ، کمپیوٹر اور پرنٹنگ کی سہولیات اور مختلف ٹی وی اسکرینز جو ایس سی او کے رکن ممالک کے مختلف نیوز چینلز کی براہ راست کوریج فراہم کر رہی تھیں، بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ ترتیب دی گئی تھیں تاکہ مکمل کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹر نے کہا کہ رکن ممالک کے قومی یادگاروں کے ساتھ بینرز کو ایس ایم ڈیز اور ڈیجیٹل میڈیا اسکرینز پر پیش کرنا میزبان ملک کی جانب سے یکجہتی کا بھرپور اظہار تھا۔انہوں نے کہا کہ مختلف رکن ممالک کے ٹائم زونز کی معلومات فراہم کرنے والی گھڑیوں کی دیوار بھی غیر ملکی صحافیوں کے لیے ایک اور دلکش اضافہ تھی۔ایک اور صحافی نے کہا کہ اسٹوڈیو اور پوڈکاسٹ کیبن ایک بہترین سہولت تھی جہاں بہت سے صحافیوں نے ایس سی او کے موضوعات پر پوڈکاسٹ اور براہ راست انٹرویوز ریکارڈ کیے۔غیر ملکی صحافیوں نے افتتاحی دن منعقدہ قوالی نائٹ کی بھی بھرپور تعریف کی جس نے تمام شرکا کو مسحور کر دیا۔مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کے لیے ایک مستقل کیفے ٹیریا بھی قائم کیا گیا تھا، جہاں ہلکی پھلکی خوراک اور ریفریشمنٹ فراہم کی جا رہی تھی۔