ٹوکیو ۔ 24اکتوبر (اے پی پی) جاپان کے تعلیمی اداروں میں تعلیم مکمل کر نے والے طلبہ کی جاپان میں ملازمت کے رجحان میں اضافہ ہو اہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ نے امیگریشن سروسز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ سال 25 ہزار 942 غیر ملکیوںکی رہائشی حیثیت کو تبدیل کر کے انہیں رہائش کا اجازت نامہ دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ تعدادگزشتہ سال سے3 ہزار853 زیادہ ہے ۔امیگریشن سروسز کے مطابق93 فیصد سے زیادہ طلباء نے سماجی علوم و بین الاقوامی خدمات اور انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی ہے۔ان میں چینی طلباء کی تعداد 10 ہزار 886 ، ویتنامی 5 ہزار 244 اور نیپالی طلبہ کی تعداد 2 ہزار 934 ہے۔جاپانی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے حکومتن ان طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کر رہی ہے۔