اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے والدین اور طلباء کو متنبہ کیا ہے کہ غیر منظور شدہ یونیورسٹی کے ذیلی کیمپسز سے حاصل کی گئی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کی جائے گی۔ ایچ ای سی حکام نے کہا ہے کہ کسی بھی یونیورسٹی یا ڈگری دینے والے ادارے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی )کے تحت ذیلی کیمپسز کے ذریعے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
طلباء کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کسی ایسے کیمپس میں داخلہ نہ لیں جو ایچ ای سی کی ویب سائٹ http://www.hec.gov.pk/site/Accreditation پر درج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کسی بھی غیر منظور شدہ کیمپس سے حاصل کی گئی ڈگری کی تصدیق/توثیق نہیں کرے گا۔ مزید برآں ایچ ای سی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کو ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں لیہ اور ساہیوال میں اپنے دو ذیلی کیمپسز میں مزید داخلوں کو روکنے کی ہدایت کی گئی ہے، جو پی پی پی موڈ کے تحت 23 بالترتیب -04-2022 اور 14-08-2023 تک کام کرنے کے مجاز تھے۔