لاہور۔5نومبر (اے پی پی):چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ غیور عوام ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کے آگے بند باندھنے کیلئے ہرلمحے تیار ہیں کیونکہ مذموم مقاصد میں ناکامی سے دلبرداشتہ عناصر نے پاک فوج کےخلاف پراپیگنڈا مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،سردار ایاز صادق کومزید قومی رازوں کو بیانات کی صورت میں افشاں کرنے پر راضی کر لیا گیا ہے ،ففتھ جنریشن وار میں پی ڈی ایم کے لاہور کے جلسے کو آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کی حکمت عملی کے اشارے ملے ہیں۔ میڈیا کےلئے جاری کئے گئے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق ” را“ کے فرنٹ مین سجن جندال نے بھی لاہور جلسے کیلئے فنڈز مہیا کئے ہیں، موجودہ حالات میں حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے اپنے فرائض سے ہرگز غافل نہیں ہیں ،غیور عوام ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کے آگے بند باندھنے کیلئے ہرلمحے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آستین کے سانپ سن لیں حساس ادارے ملک دشمنوں پر نظر رکھے ہوئے اور ان کی تاک میں ہیں ،وقت آنے پر انہیں ناقابل تردید شواہد کے ساتھ دبوچ لیا جائے گا ۔