اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ فارغ التحصیل طلبا اپنی زندگی کے ایک نئے باب میں قدم رکھ رہے ہیں، اسلامک یونیورسٹی تعلیم یافتہ اور محنتی فیکلٹی ممبرز اور مستعد انتظامیہ کے ذریعے ایسا ماحول فراہم کرتی ہے، جو جدت علمی ترقی اور سچائی کی تلاش کو فروغ دیتا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے الحمداسلامک یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں آج الحمد اسلامک یونیورسٹی، اسلام آباد کی تقریب تقسیم اسناد کے اس اہم موقع پر آپ کے ساتھ شریک ہوں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ آج کا دن مسرت اور خوشی کا دن ہے، آپ کی محنت اور ان تھک کاوش رنگ لائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج آپ اپنی زندگی کے ایک نئے باب میں قدم رکھ رہے ہیں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ الحمد اسلامک یونیورسٹی ، علم اور روشنی کی علامت ہے، یہ ادارہ ہمیشہ علمی برتری اور اخلاقی دیانت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہا ہے۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلامک یونیورسٹی تعلیم یافتہ اور محنتی فیکلٹی ممبرز اور مستعد انتظامیہ کے ذریعے ایسا ماحول فراہم کرتی ہے، جو جدت علمی ترقی اور سچائی کی تلاش کو فروغ دیتا ہے۔
سیدال خان نے کہا کہ اب میں فارغ التحصیل گریجوایٹس کو صرف ایک ڈگری نہیں مل رہی بلکہ آپ کو مستقبل کی چابی سونپی جا رہی ہیں، آپ کو چیلنجز کا سامنا کرنے ، مسائل حل کرنے ، اور جرات و دیانت کے ساتھ قیادت کرنے کے لئے تیار کر چکے ہیں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مشکلات کے باوجود، آپ نے ثابت قدمی اور استقامت سے کام کرنا ہے، میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے آپ کی اس راہ میں مدد کی۔
سیدال خان نے طلبا پر زور دیا کہ یاد رکھیں کامیابی محض کسی منزل تک پہنچنے کا نام نہیں، بلکہ اس سفر ، ان اقدار اور ان اثرات کا نام ہے، جو آپ دنیا پر چھوڑتے ہیں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اپنی تعلیم اور ان اقدار کی طاقت کو کبھی کم نہ سمجھیں جو آپ کو یہاں سکھائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف ذاتی کامیابی میں نہیں، بلکہ اس فرق میں مضمر ہے جو آپ دوسروں کی زندگی میں پیدا کرتے ہیں۔ سیدال خان نے مزید کہا کہ دنیا آپ کی ذہانت، توانائی ، اور وژن کی منتظر ہے۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعتماد، عاجزی، اور اس یقین کے ساتھ آگے بڑھیں کہ آپ واقعی ایک مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔