اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):فارما مصنوعات کی رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 29.66 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق ملک سے جولائی 2024 کے دوران 33.971 ملین امریکی ڈالر کی فارما مصنوعات برآمد کیں جو کہ جولائی 2023 کے دوران 26.201 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 29.66 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہیں۔
مقدار کے لحاظ سے فارماسیوٹیکل سامان کی برآمد بھی 7,151 میٹرک ٹن سے 10.59 فیصد بڑھ کر 7,908 میٹرک ٹن ہوگئی۔ جون 2024 میں 29.128 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں جولائی 2024 کے دوران فارما مصنوعات کی برآمدات میں 16.63 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جولائی 2023 کی برآمدات کے مقابلے جولائی 2024 میں ملک کی تجارتی اشیاء کی مجموعی برآمدات میں 11.77 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اس ماہ کے دوران برآمدات 2,307 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ جولائی میں 2,064 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات تھیں۔ درآمدات بھی جولائی 2023 میں 3,691 ملین امریکی ڈالر کی درآمد کے مقابلے میں جولائی 2024 میں 15.90 فیصد بڑھ کر 4,278 ملین امریکی ڈالر ہوگئیں۔