اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہےکہ فارن فنڈنگ کیس میں جلد فیصلہ متوقع ہے، عمران خان پارٹی کے وسیع تر مفاد میں قیادت سے دستبردار ہوں، کالی بھیڑوں کو پارٹی سے نکال کر پارٹی حقیقی کارکنوں کے حوالے کی جائے،تحریک انصاف کو 2011 کے بعد ہائی جیک کرلیا گیا، پارٹی ساکھ بچانے کے لئے عمران خان انتشار کی سیاست ترک کریں۔
منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت جرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چند دن میں اپنے دلائل مکمل کرلیں گے۔ہم نے پاکستان کی تاریخ کی ایک بڑی جنگ لڑی ہے اس کے بہتر نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کیس کا فیصلہ رکوانے کے لئے درخواست دائر کی یے،تحریک انصاف مختلف حیلے بہانوں سے کیس التواء میں ڈال رہی ہے،2011 کے بعد تحریک انصاف کو ہائی جیک کرلیا گیا،پارٹی کے کپتان بھی ہائی جیکرز کے ساتھ مل گئے،ہائی جیکرز کا تو کام ہی ہائی جیک کرنا ہے،ان کا مقصد ہی یہی ہے،ہم نے 2014 میں یہ کیس ہی اسی لئے کیا کہ پارٹی کی اصلاح ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے آج کہا ہے کہ وہ کل اپنے دلائل مکمل کریں گے،عمران خان کو فیصلہ کرنا ہوگا اگر پارٹی میں اصلاح کرنی ہے تو انہیں دستبردار ہونا ہوگا،اس سے جماعت کو فائدہ ہوگا۔آئندہ ایک سال میں پارٹی کی تشکیل نو کی جائے، احتساب کیا جائے،کالی بھیڑوں کو نکالا جائے۔
فارن فنڈنگ کیس آخری مراحل میں ہے جلد فیصلہ متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تشکیل نو کی جائے اور کالی بھیڑوں کو نکالا جائے،تحریک انصاف کو اس کے حقیقی کارکنوں کے حوالے کیا جانا چاہیے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کی ساکھ کو بچانا ہے تو عمران خان کو انتشار کی سیاست ختم کرنا ہوگی،تحریک انصاف کے بانی ورکرز نے پارٹی کی اصلاح کے لئے کوششیں کیں،باصلاحیت اور ایماندار قیادت ہی ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتی ہے۔