اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بعض ٹی وی چینلز پر انہیں وزیر اعظم آزاد کشمیرنامزد کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی یا کسی بھی سطح پر انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اتوار کو جاری ایک بیان کے مطابق راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کا اختیار کلیتاً پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد و وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے پاس ہے جن کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قائد پاکستان وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراءچوہدری محمد برجیس طاہر، سینیٹر پرویز رشید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کو مسلم لیگی امیدواروں کی کامیاب انتخابی مہم چلانے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔