فاسٹ بائولر جوفرا آرچر بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل

5

لندن۔27جون (اے پی پی):انگلینڈ نے مایہ ناز فاسٹ بائولر جوفرا آرچر کو بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لئے قومی سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔30 سالہ جوفرا آرچر فروری 2021 کے بعد پہلی بار کوئی ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 2 جولائی سے ایجبسٹن ،برمنگھم میں شروع ہو گا ۔

جوفرا آرچرکی یہ اپنے 13 ویں ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی نمائندگی ہوگی۔تیز گیند باز نے ڈرہم کے خلاف سسیکس کے لیے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری راؤنڈ میں ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کی تھی۔ انگلینڈ کے لیے ان کا آخری ٹیسٹ بھی 2021 میں بھارت کے خلاف تھا، جس کے بعد وہ کمر کے تناؤ کے فریکچر سمیت کئی انجریز کا شکار ہوگئے تھے ، جس کے باعث وہ 2024 تک وقفے وقفے سے مختلف فارمیٹس میں کھیل کے میدانوں سے دور رہے تھے ۔انگلینڈ کی باقی ٹیم وہی ہے جو لیڈز میں سیریز کے افتتاحی میچ سے پہلے نامزد کی گئی تھی۔

میزبان ٹیم کو بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ نے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کو 5 وکٹوں شکست دی تھی۔اینڈرسن ٹنڈولکر ٹرافی 2025 کے آخری تین ٹیسٹ لارڈز (10-14 جولائی)، مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ (23-27 جولائی) اور اوول (31 جولائی سے 4 اگست) میں کھیلے جائیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کا سکواڈکی قیادت مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوفرا آرچر، شعیب بشیر، جیکب بیتھل، ہیری بروک، برائیڈن کارس، ثام کک، زیک کرئولی، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، اولی پوپ، جو روٹ، جیمی سمتھ، جوش ٹونگ اور کرس ووکس شامل ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ اوربھارت کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 2سے 6 جولائی تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔