فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کےآٹھویں کانووکیشن کی تقریب،وفاقی وزیرقیصر احمد شیخ کی بطور مہمان خصوصی شرکت

136
فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کےآٹھویں کانووکیشن کی تقریب،وفاقی وزیرقیصر احمد شیخ کی بطور مہمان خصوصی شرکت

چنیوٹ۔1دسمبر (اے پی پی):فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس میں آٹھویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ریکٹر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز ڈاکٹر آفتاب معروف نے کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کی بنیاد رکھنے اور اس کی ترقی میں اپنی خدمات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ کیمپس میں طلبہ کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،خاص طور پر طالبات کی تعداد دوسرے تعلیمی اداروں کی نسبت زیادہ ہے، جو ایک بہت بڑی کامیابی اور معاشرتی تبدیلی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چنیوٹ کیمپس میں آج تک 4,500 سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر چکے ہیں، جن میں سے ایک بڑی تعداد نے اعلیٰ تعلیم میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے چنیوٹ کیمپس کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے، اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 190 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ یہ منصوبہ دسمبر 2024 میں مکمل ہو جائے گا اور اس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس سے چنیوٹ میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید تقویت ملے گی۔چنیوٹ کی جغرافیائی اہمیت پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ شہر پنجاب کے مرکزی علاقے میں واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں سے صرف چند گھنٹوں میں 18 کروڑ سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چنیوٹ پاکستان کے اقتصادی و تعلیمی مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے اور یہاں کی نوجوان نسل ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر خصوصی مہمان بشیر جان محمد نے کیمپس کے طلبہ و طالبات کے لیے 25 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا، جس کا مقصد غریب و مستحق طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیم کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی۔کانووکیشن میں امسال 369 طلبہ و طالبات نے ڈگریاں حاصل کیں، جن میں سے 350 طلباء نے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی،17 طلباء نے ایم ایس اور ایم بی اے کی ڈگریاں حاصل کیں اور 2 طلباء نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں میڈلز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے ایک لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا گیا، جس سے اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبہ کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

تقریب میں کمپیوٹر سائنس، سوفٹ ویئر انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ طلبہ کے والدین، فیکلٹی ممبران اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جس سے یہ تقریب ایک یادگار اور کامیاب ایونٹ ثابت ہوئی۔ یہ تقریب چنیوٹ میں تعلیمی ترقی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف مقامی سطح پر تعلیمی معیار میں اضافہ ہوگا بلکہ پورے ملک میں تعلیمی معیار کی بہتری کا پیغام بھی جائے گا۔