فاشسٹ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، مشعال حسین ملک

145
مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خودمختاریِ خواتین مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ فاشسٹ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت نے دہشت گردی کا راج شروع کیا اور وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، اس کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ایک طویل "ریپ شیٹ” ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوجر خان کے قریب ایک پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی میں فری دسترخوان اور فری ہیلتھ کیئر سوسائٹی کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نہ صرف معصوم کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث ہے بلکہ ہندوتوا حکومت دہشت گردی کی کارروائیوں کو دنیا کے دوسرے مقامات پر لے جانے میں مصروف ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی سفاک فورسز نے کشمیریوں کے خلاف کریک ڈائون کیا اور اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کے لیے انہیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاشسٹ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تاہم  بھارتی فورسز کی وحشیانہ اور غیر انسانی کارروائیوں پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے خاموشی انتہائی قابل افسوس ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو آزاد ریاست میں زندگی گزارنے پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے تاہم  پاکستان میں جلد ہی حالات پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو سٹی ہائوسنگ سوسائٹی میں انھوں نے ایک جدت دیکھی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ انتظامیہ صحت اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے علاوہ ازیں ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے بی ایس ایم ڈویلپرز کو مشورہ دیا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں مقامی ڈویلپرز کے ساتھ مل کر نیو میٹرو سٹی جیسا ہائوسنگ پروجیکٹ شروع کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سکیورٹی اینڈ ایڈمن کرنل ریٹائرڈ  ندیم احمد نے کہا کہ بی ایس ایم ڈویلپرز کی تجربہ کار ٹیم ملک کی تاریخ میں تیز ترین وقت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستان کا پہلا گلو پارک سمیت نیو میٹرو سٹی ہائوسنگ سوسائٹی تعمیر کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں، جدید ترین سکیورٹی سسٹم، شاپنگ مالز، مساجد، لینڈ سکیپنگ اور بیوٹیفکیشن اور بین الاقوامی فوڈ چینز سمیت بڑے پیمانے پر تعلیمی اور صحت کے منصوبوں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔  تقریب کے آخر میں نیو میٹرو سٹی ہائوسنگ سوسائٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لینڈ مقرب عباسی نے مشعال حسین ملک کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔