فاشسٹ ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندوں سمیت تمام دہشت گردوں سے موثر انداز میں نمٹنےکی ضرورت ہے ، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

142
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

نیویارک۔22ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے فاشسٹ ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندوں سمیت تمام دہشت گردوں سے نمٹنےکی ضرورت پر زور دیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دائیں بازوں کے انتہا پسندوں اور فاشسٹ گروپوں سے بڑھتے ہوئے خطرے سمیت بلا تفریق تمام دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا جیسا کہ ہندوتوا سے متاثر انتہا پسند ہندوستان کے مسلمانوں اور عیسائیوں کی نسل کشی کی دھمکی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاستی دہشت گردی کی مخالفت،غربت، ناانصافی اور غیر ملکی تسلط جیسی دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ کرنا ہو گا اور حقیقی آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی سے الگ کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کے تمام چاروں ستونوں پر متوازن عملدرآمد کیلئے جنرل اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔