لاہور۔24مئی (اے پی پی):فاطمہ ثنا اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گی جو آئندہ ماہ ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے اس ٹورنامنٹ کے لیے14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں 4 وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جو اس سال کے اوائل میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز انڈر 19ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ 12 سے21 جون تک ہانگ کانگ میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پاکستانی سکواڈ کی تشکیل مارچ میں ملتان میں کیمپ میں ٹریننگ کے علاوہ پاکستان کپ ٹورنامنٹ کے ٹی ٹونٹی مرحلے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں آئی ہے۔فاطمہ ثنا 31 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 24ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نماندگی کرچکی ہیں۔انہیں قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ پاکستان کپ کی کارکردگی دیکھ کر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے سٹرائیکرز کی کپتانی کی جس نے تمام تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے علاوہ دسمبر میں لاہور میں ہونے والی ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے بلاسٹرز کی کامیاب کپتانی کی تھی۔
پاکستانی سکواڈ میں فاطمہ ثنا ( کپتان ) انوشا ناصر، ایمن فاطمہ ، گل فیروزہ، گل رخ م لبنی بہرام ، ناجیہ علوی ( وکٹ کیپر )،نتالیا پرویز، صدف شمس، شوال ذوالفقار، عروب شاہ، توبہ حسن ، ام ہانی اور یسری عامر شامل ہیں جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات، دعا ماجد، فاطمہ خان اور رامین شمیم شامل ہیں۔پاکستان ٹیم گروپ اے میں بھارت اے، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ اے کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ 13 جون کو تھائی لینڈ اے کے خلاف کھیلے گی۔ 15 جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ 17جون کو اس کا میچ بھارت اے کے خلاف ہوگا۔
چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔اس ٹیم میں غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل کھلاڑی موجود ہیں۔ہمارے لیے 14کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا آسان نہ تھا۔سلیم جعفر نے ان کھلاڑیوں سے جو ٹیم میں جگہ نہیں بناسکی ہیں کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں اور اپنی محنت جاری رکھیں انہیں آنے والے ایونٹس میں ضرور مواقع ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان کے کیمپ سے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی نظروں میں ہے اور انہیں مختلف کنڈیشنز میں آزمایا جاتا رہا ہے جن میں تازہ ترین یہ حالیہ تین ٹونٹی میچز تھے جن میں انہیں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔سلیم جعفر کے مطابق فاطمہ ثنا نے زبردست قائدانہ صلاحیتیں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں دکھائی ہیں اور وہ اپنی ٹیم کے لیے مثال بنتے ہوئے یہ ذمہ داری نبھائیں گی۔کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے اور یہ ذمہ داری انہیں ایک کرکٹر کی حیثیت سے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔
یہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور وہ اس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے بارے میں بہت پرعزم ہیں۔فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ہم نے بہت اچھی پریکٹس کی ہے اور پاکستان کپ نے ہمیں میچ پریکٹس کا اچھا موقع فراہم کیا ہے۔ہماری آپس میں اچھی بات چیت رہی اور مجھے خوشی ہے کہ ہر کھلاڑی نے ہر میچ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان ایمرجنگ ٹیم کا ٹورنامنٹ میں جانے سے قبل کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمعرات سے شروع ہوگا اور 8جون تک جاری رہے گا۔ٹیم نو جون کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی۔