فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز ، مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے کیلئے کونسل قائم کر دی گئی

22

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز نے مریضوں کی نگہداشت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے محکمانہ کونسل قائم کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پیر کے روز ڈین پروفیسر ڈاکٹر ارمغان اسرار مرزا کی زیر صدارت ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے نے شرکت کی۔ڈین پروفیسر ڈاکٹر ارمغان اسرار مرزا نے اس موقع پر کہا کہ ایف جے آئی ڈی ایس کو جدید مشینری سے آراستہ کیا گیا ہے،

وزیراعلی پنجاب کے ویژن کی روشنی میں ہسپتال انتظامیہ مریضوں کے بہتر علاج کیلئے باقاعدہ مشاورت اور پیشرفت کے ذریعے اعلی معیار کی طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک شکایات کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسٹیٹیوشنل کونسل ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گی جس میں مقاصد کا تعین، اہم موضوعات پر تبادلہ خیال، فعال شرکت کی حوصلہ افزائی، ذمہ داریوں کی تقسیم، ڈیڈ لائنز کا تعین اور درپیش چیلنجز کا حل شامل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا مقصد اعلی معیار کی ڈینٹل کیئر سروسز فراہم کرنا ہے اور کونسل کا قیام اسی ہدف کے حصول کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔