راولپنڈی۔2مئی (اے پی پی):فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں ڈینگی آگاہی سیمینار اور تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رکن صوبائی اسمبلی طاہرہ مشتاق نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد آگاہی کو فروغ دینا اور ڈینگی کے پھیلاؤ سے نمٹنے میں ڈینگی جنگجوؤں کے تعاون کو تسلیم کرنا تھا۔
ایم پی اے طاہرہ مشتاق نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی 50 سے زائد طالبات میں ڈینگی سے بچاؤ کی کوششوں میں ان کی فعال شرکت کو تسلیم کرتے ہوئے تعریفی اسناد تقسیم کیں۔تقریب میں ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان غنی، ڈپٹی ڈی ایچ او جواد زاہد، ڈپٹی ڈی ایچ او کینٹ میڈم زرقا میر اور فوکل پرسن ڈینگی کینٹ سمیت محکمہ صحت کے اہم افسران نے شرکت کی۔
طاہرہ مشتاق نے یونیورسٹی کی ڈین ڈاکٹر نوشین اور پروفیسر عذرا کو طلباء میں مثالی رابطہ اور ڈینگی سے متعلق آگاہی کے اقدامات پر شیلڈز بھی پیش کیں۔ دریں اثناء ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان غنی نے طاہرہ مشتاق کو ڈینگی سے متعلق ان کی قیادت اور گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ پیش کی۔