اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین جس کو غیرمسلم قراردے وہ کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا، وزارت مذہبی امور علماءاور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہے گی، حضور کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد رسمی یا روایتی طریقے سے نہیںبلکہ عبادت سمجھ کر کررہے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کے بعد ہم پر حضورکے سب سے زیادہ احسانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل مسرت بات ہے کہ کانفرنس میں برطانیہ، بھارت، ایران، عراق، سعودی عرب، مراکش، لبنان، شام اوردیگرممالک سے علماءومشائخ شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی ترویج میں وزارت ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہم علماءاور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان کا آئین جس کو غیرمسلم قرار دے چکا ہے وہ کبھی مسلمان نہیں ہوسکتے۔