فاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا یوم دفاع کے موقع پرپیغام

93

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر قانون و انصاف بریسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ان شہداءاور غازیوں کی یاد کو منانے کا دن ہے جنہوں نے 1965ءمیں انمول قربانیاں پیش کر کے وطن کا دفاع کیا۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج اگر اتنے سال گزر جانے کے با وجود پاکستان کا دفاع مضبوط اور نا قابل تسخیر ہے تو اس کی وجہ یہی ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کے لئے ہر دم تیار ہیں اور ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم آج جہاں ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو ہمارے جوانوں نے دیں وہیں ہم شکر گزار ہیں کہ ہماری دفاعی صلاحیت دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ ہم ہر خطرے سے نمٹنے کے لیئے تیار ہیں۔ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ یہ وقت جنوبی ایشیاء کی تاریخ میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ کشمیر ی عوام اس وقت بھارتی افواج کے بد ترین مظالم سہہ رہی ہے اور آر ایس ایس اور مودی کی ایماء پر کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالیاں جاری ہیں۔ ان مظالم میں نازیوں اور ہٹلر کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ آج کے دن میں اس عظم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہر دم اپنے کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ ہم ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیر میں انسانی حقوق کی پاما لیوں پر آواز اٹھائیں گے۔ میں اس عزم کے ساتھ اپنے ہم وطنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوں کہ پاکستان کی خاطر کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔