اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):بھارت کے فالس فلیگ پہلگام حملے کے بعد، ہم تیار ہیں، ہمارا امتحان نہ لو ، سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا پیغام کہ ’’ہم تیار ہیں، ہمیں نہ آزمائیں‘‘ عوام کی آواز بن گیا ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے اس بیان کو تیزی سے راتوں رات مقبول ہیش ٹیگ میں تبدیل کر دیا۔پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن اور اس کی دھمکیوں کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے بھر پور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھی بھارت کو اس کی اپنی زبان میں سخت اور واضح جواب دیا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ "ہم تیار ہیں، ہمارا امتحان نہ لیں۔
ہم نے 2019 میں یہ واضح کر دیا تھا”۔انہوں نے کہا کہ ہم تنازعات شروع کرنے والے نہیں ہیں بلکہ ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ اگر دشمن یہ سمجھتا ہے کہ جارحیت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے تو ہم پوری طرح تیار ہیں ہمیں امتحان میں نہ ڈالیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان نے تمام شعبوں میں جوابی کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا تھا کہ "ہم ہر وقت اور ہر جگہ تیار ہیں”۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی خودمختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت فوجی تصادم کا راستہ اختیار کرتا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ریمارکس دیئے کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم تیار ہیں، ہمارا امتحان نہ لیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے الفاظ وائرل ہو چکے ہیں، جو بڑے پیمانے پر آن لائن گونج رہے ہیں اور پاکستان کے عزم کی علامت ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590904