اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ (فاٹا) میں اصلاحات متعارف کر کے اسے قومی دھارے میں لایا جائے گا جس کا مقصد فاٹا میں ایف سی آر جیسے کالے قانون کا خاتمہ اور فاٹا کے عوام کو حقوق فراہم کرنا ہے، وزیراعظم نوازشریف فاٹا میں اصلاحات لاگو کر کے علاقے کے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرینگے۔ منگل کو این ٹی ایس اور خادم الخلق فاﺅنڈیشن خیبر ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فاٹا کی عوام نے فوج کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کیخلاف جنگ لڑی اور وہ اپنے ہی ملک میں مہاجر ہوئے، ہم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے فاٹا اصلاحات لائی جا رہی ہیں جس کا مقصد فاٹا میں ایف سی آر جیسے کالے قانون کا خاتمہ اور فاٹا کے عوام کو حقوق فراہم کرنا ہے۔