کراچی۔22فروری (اے پی پی):فخرزمان اور محمد حفیظ کی دوسری وکٹ کی115 رنز کی شراکت نے لاہورقلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی دلوادی، فخرزمان نے 52 گیندوں پر 2چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنزبنائے جبکہ محمد حفیظ نے 33 گیندوں پر6 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے،قلندرز نے 4 گیندوں قبل ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔مین آف دی میچ کا ایوارڈ فخرزمان کو دیا گیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کو میچ جیتنے کے لئے 179 رنز کا حدف دے دیا، گلیڈی ایٹرز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178رنز بنائے۔نیشنل اسٹڈیم کراچی میں پیر کو کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 6 کے چوتھے میچ میںفخرزمان اور محمد حفیظ کی دوسری وکٹ کی115 رنز کی شراکت نے لاہورقلندرز کو 9 وکٹوںسے کامیابی دلوادی۔لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور کپتان سہیل اختر نے انتہائی پراعتماد انداز میں اپنی اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی 6 اوورز کے بیٹنگ پاورپلے میںکوئی وکٹ گنوائے بغیر 48 رنز بنائے،دونوں بیٹسمینوں نے 40 گیندوں پر 50 رنز کا اسکور سیٹ کیا۔فخرزمان نے اپنی نصف سینچری 38 گیندوں پر مکمل کی۔جب 8.4 اوورز میں مجموعی اسکور 64 رنز پر پہنچا تو سہیل اختر 26 گیندوں پر3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔اس موقع پر فخر زمان کا ساتھ دینے کے لئے محمد حفیظ بیٹنگ کے لئے آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو انتہائی خوبصورت اور دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے 179 رنز کا حدف حاصل کرلیا۔فخرزمان نے 52 گیندوں پر 2چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنزبنائے جبکہ محمد حفیظ نے 33 گیندوں پر6 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ دونوں بیٹسمنوں کی شراکت میں59 گیندوں پر 115 رنز بنے۔ قلندرز 4 گیندوں قبل ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنائے اس طرح گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔گلیڈی ایٹرز کے بالرزاہد محمود نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔قبل ازیں لاہورقلندرزنے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ابتدائی چھ اوورز کے بیٹنگ پاور پلے میں 38 رنز بنائے جبکہ اس کے دونوں اوپننگ بیٹسمین ٹام بنٹن اور صائم ایوب پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ٹام بنٹن 8گیندوں پر 4 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پراحمد دانیال کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب بھی 5 گیندوں پر صرف 3 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ ہوکرپویلین واپس لوٹ گئے۔ابتدائی دو اوورز میں مجموعی اسکور 12 رنز پر دونوں کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔جس کے بعد کرس گیل اور کپتان سرفرازاحمد نے مل کر ایک خوبصورت پارٹنرشپ قائم کی اور گرائونڈ کے چاروں جانب دلکش اسٹروک کھیلے لیکن جب مجموعی اسکور 113 رن پر پہنچا تو سرفراز احمد 33 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنانے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جس فوری بعد کرس گیل کی اننگ کا اختتام ہوگیا، انہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور انہیں راشد خان نے کلین بولڈ کیا۔ کرس گیل اور سرفرازاحمد کے درمیان 68گیندوں پر 101 رنز کی پارٹنرشپ قائمم ہوئی۔ کرس گیل نے32 گیندوں پر 4 چھکے اور 4چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔اعظم خان 13رنز بناکراحمددانیال کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔بین کٹنگ5 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔محمدنواز 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز بنائے جبکہ انورعلی بھی ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔قلندرز کے حارث رئوف نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 38 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایاجبکہ شاہین شاہ آفریدی، احمددانیال اورراشدخان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ لاہورقلندر کی ٹیم میں سہیل اختر (کپتان)، فخر زمان،سلمان علی آغا، محمدحفیظ، بین ڈنک،سمٹ پٹیل،ڈیوڈ ویزے،راشدخان، احمد دانیال،شاہد آفریدی اور حارث رئوف شامل تھے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں سرفراز احمد(کپتان)، کرس گیل،ٹام بنٹن،محمد اعظم خان،صائم ایوب،بین کٹنگ،محمدنواز،زاہدمحمود، انورعلی،محمدحسنین اور عثمان شنواری شامل تھے۔قلندرز نے سلمان مرزا کی جگہ حارث رئوف جبکہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ انورعلی اور قیس احمد کی جگہ زاہدمحمود کو شامل کیا گیا ہے۔ نائٹ میچ میںعلیم ڈار اور آصف یعقوب (فیلڈ امپائرز)، راشد ریاض (تھرڈ امپائر)، ضمیر حیدر(فورتھ امپائر) اورعلی نقوی(میچ ریفری) کے فرائض انجام دئیے۔لاہور قلندرز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے گئے آخری پانچ میچوں میں قلندرزکامیابی حاصل کی ہے۔ قلندرز نے مارچ 2018 میں17 رنز، فروری 2019 میں 3 وکٹوں،فروری2019 میں8 وکٹوں،مارچ 2020 میں37 رنز اور مارچ 2020 میں ہی 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=240765