فرانسیسی سفارت خانے کا پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر حیات کے اعزاز میں عشائیہ، پیرس پرواز کی بحالی کا خیر مقدم

84
PIA

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):فرانسیسی سفارت خانے نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر حیات اور ان کی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا اور اور پی آئی اے کی پیرس پرواز کی بحالی کا خیر مقدم کیا ۔ پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کی شب منعقدہ عشائیہ کی تقریب میں یورپی سفارت کاروں، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ہوا بازی کی صنعت سے منسلک حکام نے شرکت کی۔

پاکستان میں فرانس کے سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ائی اے کی پیرس پرواز کی بحالی سے دونوں ملکوں کے مابین سیاسی، سفارتی، تجارتی، اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں بہت مدد ملے گی ۔فرانسیسی سفیر نیکولا گیلری نے کہا کہ ہمارے سفارت کاروں نے وطن واپسی کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پرواز کا انتخاب کیا اور پی آئی اے کی جانب سے پرواز پر فراہم کردہ سہولیات سے بہت متاثر ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے پیرس کی پرواز کے لیے موثر تشہیری مہم چلائی جس نے اس پرواز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، فرانسیسی سفیر نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ پی آئی اے جلد ہی پیرس کے لئے آپریشن کو وسعت دے گا ۔پروازوں کی تعداد کو دو سے بڑھا کر کم از کم ہفتہ وار تین یا چار پروازیں چلائی جائیں گی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر حیات نے فرانسیسی سفیر اور ان کی ٹیم کی جانب سے پیرس کی پرواز کی بحالی کی کاوشوں پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

پروازوں کی بحالی کے لئے سفارت خانے کی خصوصی دلچسپی اور تعاون کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ عامر حیات نےپی آئی اے کے پیرس کے لئے فضائی آپریشن کی تاریخ 70 سال پر محیط ہے – انہوں نے کہا کہ پی ائی اے کے عملے کے پہلے ڈیزائنر یونیفارم سے لے کر پیرس میں ہوٹلنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری پی آئی اے کی تاریخ کا انمٹ باب ہے ۔

سی ای او پی ائی اے عامر حیات نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ہمیں فرانسیسی سفارت خانے کا تعاون حاصل رہے گا جس سے دونوں ملکوں کے مابین کاروباری رفاقت مزید مستحکم ہوگی۔