فرانس اور پرتگال کی ٹیمیں یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

406

میونخ۔2جولائی (اے پی پی):فرانس اور پرتگال کی ٹیمیں یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔ فرانس کی ٹیم نے ٹاپ 16 میچ میں بیلجیئم کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے ہراکر ٹاپ۔8رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ پرتگال کی ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد سلووینیا کی ٹیم کو پنالٹی ککس پر 0-3 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ یوئیفا کے زیر اہتمام یورپین چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے جرمنی میں جاری ہیں، جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مرکر سپیل ایرینا، ڈسلڈورف میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں فرانس اور بیلجیئم کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں فرانسیسی فٹ بال ٹیم نے بیلجیئم کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے ہرا دیا۔ جان برٹ لیو ورٹونگھن نے میچ کے 85 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم فرانس کو کوارٹر فائنل تک رسائی دلا دی۔

والڈ سٹیڈیون، فرینکفرٹ میں کھیلے گئے ایک اور پری کوارٹر فائنل میچ میں پرتگال اور سلووینیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جن کے درمیان انتہائی سخت اور کانٹے دار مقابلہ ہوا میچ کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔بعد میں میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر پرتگال کی ٹیم نے سلووینیا کو 0-3 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ واضح رہے کہ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال اور فرانس کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔ \932