فرانس اور یورپی یونین امریکی صدر کے تازہ ترین ٹیرف کا جواب دیں گے ،فرانسیسی وزیر خارجہ

86
فرانس اور یورپی یونین امریکی صدر کے تازہ ترین ٹیرف کا جواب دیں گے ،فرانسیسی وزیر خارجہ

پیرس۔10فروری (اے پی پی):فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول باروٹ نے کہا ہے کہ فرانس اور یورپی یونین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ ترین محصولات کے اعلان کا جواب دیں گے۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے پیر کو فرانسیسی ٹیلی ویژن ٹی ایف آئی کو بتایا کہ یورپی ممالک کو امریکی ٹیرف کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اپنے مفادات کا دفاع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی جنگ شروع کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ٹیرف لگانا) پہلے ہی وہی ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں کیا تھا اور ہم نے جواب دیا تھا۔ ہم دوبارہ جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا کہ وہ امریکا میں سٹیل اور ایلومینیم کی تمام درآمدات پر نئے 25 فیصد ٹیرف کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے منگل تک باہمی محصولات کا اعلان کریں گے۔