فرانس این ٹی ڈی سی کے سیالکوٹ ،عارف والا اوروہاڑی میں واقع منصوبوں کےلئے 180ملین یوروکا آسان قرضہ فراہم کرے گا

141
فرانس این ٹی ڈی سی کے سیالکوٹ ،عارف والا اوروہاڑی میں واقع منصوبوں کےلئے 180ملین یوروکا آسان قرضہ فراہم کرے گا

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):فرانس سیالکوٹ ،عارف والا اوروہاڑی میں واقع نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے منصوبوں کےلئے 180ملین یوروکا آسان قرضہ فراہم کرے گا۔اس ضمن میں دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے پر بدھ کو دستخط ہوئے۔

معاہدے پروزارت اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز،فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹرفلپ سٹین میئر اور پاکستان میں فرانس کے سفیر نیکولس گیلے نے دستخط کئے۔منصوبے کے تحت عارف والا میں 220کے وی سب سٹیشن کی تعمیر اور50کلومیٹر نئی ٹرانس میشن لائن جو میپکوگرڈ سٹیشن سے منسلک ہوگی،شامل ہیں۔

وہاڑی میں موجودسب سٹیشن کو500کلوواٹ کی سطح تک اپ گریڈ کیا جائے گا، اسے نیشنل گرڈ سے ملانے کےلئے 48کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی۔سیالکوٹ میں 500کلوواٹ سب سٹیشن اور55کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کی جائے گی جو گیپکو گرڈ سے منسلک ہوگی۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے مالی معاونت فراہم کرنے پر فرانسیسی حکومت اور ترقیاتی ایجنسی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اورپاکستان کے درمیان قریبی روابط قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی معاونت سے پنجاب میں بجلی کے نظام کوبہتر بنانے میں مدد ملے گی، یہ منصوبے موسمیاتی لحاظ سے موزوں توانائی کے حوالے سے بھی اہمیت کے حامل ہیں ۔ واضح رہے کہ فرانسیسی معاونت 9جنوری 2023کو جنیوا میں موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں فرانس کی طرف سے اعلان کردہ وعدوں کا بھی حصہ ہے۔