فرانس سے پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں پہلے چار ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 40.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، سٹیٹ بینک

94
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):فرانس میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلہ میں 40.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر 2021 تک کی مدت میں فرانس میں کام کرنےوالے پاکستانی شہریوں نے 173.4 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں40.9 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فرانس میں مقیم پاکستانی ورکروں نے 83.6 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اکتوبر کے مہینہ میں فرانس سے ترسیلات زر کا حجم 43.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔

گزشتہ سال اکتوبر میں یہ حجم 33.1 ملین ڈالر تھا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے لئے اٹھائے جانےوالےاقدامات کے مثبت سامنے آ رہے ہیں اور جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سمندر پارپاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.9 فیصد کااضافہ ہوا ہے۔

جاری مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے 10.55 ارب ڈالرکا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 9.427 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔