اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان اور فرانس نے شاہی قلعہ لاہور کی تزئین و آرائش کے حوالہ سے 22 ملین یورو کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔
پاکستان میں فرانس کے سفارتخانہ کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور فرانس کی حکومتوں کے مابین شاہی قلعہ لاہور کی تزئین و آرائش کیلئے مالی اور تکنیکی معاونت کے معاہدہ کے تحت 22 ملین یورو کی فراہمی کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ فرانس کی فرنچ ڈویلپمنٹ ایجنسی (ایف ڈی اے) کی زیر نگرانی مکمل کیا جائے گا جس کا مقصد سیاحت کا فروغ اور اقتصادی سرگرمیوں کی بڑھوتری کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تاریخی ورثہ کی عمارتوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ 1981 میں یونیسکونے شاہی قلعہ لاہور کی تاریخی عمارت کو درپیش مختلف خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے اس کی بحالی کی تجاویز پیش کی تھیں۔
اس موقع پر فرانس کے پاکستان میں سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تاریخی ورثہ کے تحفظ پر فخر ہےجس سے نہ صرف شاہی قلعہ بلکہ اس کے اردگرد کے علاقوں میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا جس سے شاہی قلعہ لاہور کو موسمیاتی تبدیلیوں سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے شاہی قلعہ لاہور کی تزئین و آرائش اور بحالی کے حوالہ سے فرانس کی کاوشوں کو سراہا ہے۔