فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کا بی آئی ای کی رولز کمیٹی کے سبکدوش ہونے والے ممبران کی کامیابیوں کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد

118
فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کا بی آئی ای کی رولز کمیٹی کے سبکدوش ہونے والے ممبران کی کامیابیوں کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد

پیرس ۔16اکتوبر (اے پی پی):فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ نے بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز (بی آئی ای) کی رولز کمیٹی کے سبکدوش ہونے والے ممبران کی کامیابیوں کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس کا پاکستان بہت فعال رکن ہے۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد کی موجودگی میں تجارت اور سرمایہ کاری آفیسر عروج مہوش رضوی نے بی آئی ای کے سیکرٹری جنرل دمتری ایس کرکنزٹزیس کا بیلجیئم، انگولا، رومانیہ، امریکہ، کولمبیا، ہیٹی اور مالٹا کے نمائندوں کے ساتھ سفارت خانے میں خیرمقدم کیا۔

حکام نے کہا کہ پاکستان کو 2019 میں رولز کمیٹی کا ممبر منتخب کیا گیا تھا اور 2021 میں دو سال کی مدت کیلئے دوبارہ منتخب کیا گیا تھا جو اب مکمل ہو چکی ہے۔ پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں پاکستان کو بین الاقوامی ایونٹس اور ایکسپوز میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے میں بی آئی ای کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ای بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک موثر تجارتی سفارت کاری کے ذریعے کاروبار کو پیش کرنے اور نئی راہیں/مارکیٹس تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے بی آئی ای کا بطور رکن ریاست پاکستان کو اس کی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ بی آئی ای تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ترقی پذیر ممالک کو ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ملانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بی آئی ای کے سیکرٹری جنرل دمتری ایس کرکنزٹزیس نے بی آئی ای کی رولز کمیٹی میں پاکستان کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات ہیں اور اس کیلئے ایکسپو سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے،

یہ فورم پاکستان کو تجارت کے حوالے سے متعدد مواقع فراہم کرتا ہے اور ان کو مثر طریقے سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بی آئی ای تمام بین الاقوامی نمائشوں کی نگرانی اور ان کو منظم کرنے کا انچارج ہے جو تین ہفتوں سے زیادہ جاری رہتی ہیں۔ ثقافتی سفارت کاری کے ایک حصے کے طور پر بی آئی ای کے مہمانوں کو پاکستانی کھانوں سے متعارف کرایا گیا۔ انہیں خوشبو اور تمام روایتی پاکستانی پکوان پسند آئے۔ تقریب میں سفارتخانے کے افسران اور اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔