فرانس میں پاکستانی سفارتخانے نے فرانسیسی غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے اردو زبان سیکھنے کیلئے کلاسوں کا باضابطہ اجراءکردیا

90

اسلام آباد ۔ 9 جون (اے پی پی) فرانس میں پاکستانی سفارتخانے نے فرانسیسی غیر سرکاری تنظیم انسانی ترقی کیلئے اتحاد (ای پی ڈی ایچ) کے اشتراک سے اردو زبان سیکھنے کیلئے کلاسوں کا باضابطہ اجراءکیا ہے جس سے پاکستانی نژاد فرانسیسی طلباءسمیت دیگر ممالک کے طلباءکو فائدہ ہو گا۔ اردو کلاسز کا اجراءفرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے تعلیم و استعداد کار میں اضافہ کے پروگرام کے رجسٹرڈ طلباءمیں اسناد کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں لین لوئس مارسک، میئر آف ویلز لی بیل، فرانسیسی حکام، فرانسیسی سول سوسائٹی کے اراکین، پاکستانی کمیونٹی کے معززین اور صحافیوں نے شرکت کی۔ فرانس میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ اردو زبان کے کلاسوں کے اجر اءطویل مدت سے پاکستانی کمیونٹی کا مطالبہ تھا جس کو سفارتخانے اور ای پی ڈی ایچ نے مشترکہ کوششوں سے پورا کیا ہے۔ معین الحق نے اس منصوبے میں کردار ادا کرنے پر پاکستانی نژاد فرانسیسی شہری نعمانہ کیانی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ فرانس میں ر ہنے والے پاکستانی بچے اس کلاسوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر نے ای پی ڈی ایچ کو اردو ٹیکس بک کے سیٹس پیش کئے اور ای پی ڈی ایچ کے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا۔