فرانس کا بیت المقدس میں اپنے ملکتی چرچ میں اسرائیلی پولیس کے داخلے پر احتجاج

97
France

پیرس۔8نومبر (اے پی پی):فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول باروٹ نے بیت المقدس میں فرانس کے ملکیتی ایلیونا چرچ کے احاطے میں اسرائیلی پولیس کے داخل ہونے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے بغیر اجازت اور ہتھیاروں کے ساتھ ایلیونا ڈومین میں داخلے پر احتجاجاً وہ ایلیونا ڈومین میں داخل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے اسرائیلی پولیس کے اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ہم سب کو خطے کو امن کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد کرنے کی ضرورت ہے، فرانس کی نگرانی میں چلنے والے چرچ کی سالمیت کی یہ خلاف ورزی ان تعلقات کو کمزور کرے گی جو وہ اسرائیل کے ساتھ استوار کرنے یہاں آئے ہیں ۔

پیرس میں وزارت خارجہ نے بعد میں کہا کہ اس واقعے پر اسرائیل کے سفیر کو طلب کیا جائے گا۔ ایلیونا کا چرچ بیت المقدس میں فرانس کے زیر ملکیت احاطے میں ہے جہاں اس کے علاوہ تین دیگر مقامات بھی فرانس کی ملکیت میں ہیں۔ان مقامات کو اسرائیل کے قیام سےقبل فرانس سے منسوب کیا گیا تھا اور یہ بیت المقدس میں فرانسیسی قونصل خانے کی نجی ملکیت تصور کئے جاتے ہیں ۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایلیونا ڈومین نہ صرف 150 سال سے فرانس کا ہے، بلکہ فرانس اس کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے اور اسے برقرار رکھتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ بیت المقدس میں جو چار مقامات فرانس کی ملکیت میں ہیں ان کی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔یاد رہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول باروٹ نے حال ہی میں مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کیا ہے۔