فرانس کا مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کر نے والے اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف اقدامات کا اعلان

139
France
France

پیرس۔8دسمبر (اے پی پی):فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں میں ملوث اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف سخت اقدامات کرے گا۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان این کلیئر لوگاندے ترجمان نے ’’العربیہ‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہاکہ ان اقدامات میں ایسے اسرائیلی شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنا اور ان کے مالیاتی اثاثے منجمد کرنا شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فرانس مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے گروپوں کی طرف سے تشدد کی کارروائیوں کی مکمل مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالے اور تشدد کی ان کارروائیوں کو روکے اور ان کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرانس اسرائیل کے ایسے شہریوں کے خلاف قومی سطح پر ایسے اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں ان لوگوں کو فرانس کا سفر کرنے سے روکنا اور ان کے مالی اثاثوں کو منجمد کرنا شامل ہے۔