پیرس ۔2جنوری (اے پی پی):فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بدھ کو نیو اورلینز میں نئے سال کے موقع پر ایک کار حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے فرانسیسی اور انگریزی دونوں زبانوں میں لکھا کہ "نیو اورلینز، جو فرانسیسیوں کے دلوں میں بہت پیارا ہے، دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرین اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ امریکی عوام کے ساتھ بھی ہیں اور ان کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کا ڈرائیور ایک امریکی شہری تھا جس پر دولت اسلامیہ کا جھنڈا تھا، جس کی شناخت ایف بی آئی نے ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ شمس الدین جبار کے طور پر کی ہے۔
اس حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں ۔مشتبہ شخص کو پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ان کے ٹرک اور لوزیانا شہر کے مشہور فرانسیسی کوارٹر کے آس پاس سے ممکنہ طور پر دیسی ساختہ بم ملے ہیں۔