لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ( ن) کی رہنما و سابق رکن صوبائی اسمبلی فرح دیبا کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کلچر و نیشنل ہیرٹیج کا کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا گیاہے۔اس حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، مہمان خصوصی بیگم ساجدہ تارڑ، ایس ایم صادق ، فرح دیبا ،معروف مصنف ارشد بخاری، سعدیہ ارشد،مقامی پارٹی رہنمائوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی -وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے فرح دیبا کو ہیرٹیج و کلچر کا کوآرڈینیٹر مقرر کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پیش کیا، انہیں مبارکباد دی اور امید ظاہر کی فرح دیبا اس عہدے پر پورا اتریں گی اور ملکی کلچر و ثقافت کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی ۔
سابق رکن صوبائی اسمبلی فرح دیبا نے پارٹی کی جانب سے و کوآرڈینیٹر برائے کلچر وثقافت مقرر کرنے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے اور اپنی نئی ذمہ داریاں کو احسن طریقے سے پورا کرنے کی کوشش کروں گی۔