اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جس پارٹی کی قیادت کا فیصلہ نہیں ہو پارہا وہ حکومت خلاف کیا تحریک چلائیں گے، پہلے یہ فیصلہ کرلیں کہ شہباز شریف والی پی ڈی ایم اصل ہے یا مریم صفدر والی پی ڈی ایم اصل ہے، ڈی جی خان کے عوام شوباز شریف کی اصلیت سے واقف ہیں، ان لوگوں نے پسماندہ علاقوں کا نہ صرف حق مارا بلکہ کسانوں کے نام پر اربوں کی کرپشن کی، بارھویں کھلاڑی کو دن میں اقتدار کے خواب آرہے ہیں،پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر ہونے پر فضل الرحمان کو ذہنی بے سکونی ہے،بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی وہ اپنا ایک کارنامہ گنوا دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی خان میں پی ڈی ایم جلسے سے شہباز شریف اور فضل الرحمان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کی قیادت کا فیصلہ نہیں ہو پارہا وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک چلائیں گے، ڈی جی خان کے عوام شوباز شریف کی اصلیت سے واقف ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں، جوآج مگرمچھ کے آنسو بہاتے نظر آرہے ہیں،
جب اقتدار میں تھے تو ڈی جی خان انھیں یاد نہیں آیا، ان لوگوں نے پسماندہ علاقوں کا نہ صرف حق مارا بلکہ کسانوں کے نام پر اربوں کی کرپشن کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں نہ صرف زرعی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہو اہے بلکہ کسانوں کو 1100 ارب روپے اضافی فراہم کیے گئے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے ہر منصوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بے شمار چیلنجز کے باوجود نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام، کسان کارڈ، ہنرمند جوان سمیت متعدد سماجی ترقی کے منصوبے شروع کئے۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ایک اور بارھویں کھلاڑی کو دن میں اقتدار کے خواب آرہے ہیں، پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر ہونے پر فضل الرحمان کو ذہنی بے سکونی ہے، فضل الرحمان یہی بتا دیں کہ ان کے آمدن کے ذرائع کیا ہیں؟ جب ان سے اثاثوں کا سوال ہو تو اداروں پر حملہ آور ہوتے ہیں، بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی فضل الرحمان اپنا ایک کارنامہ ہی گنوا دیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر یوں کے بے لوث سفیر اور دلیر وکیل ہیں، ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جب ملک میں ڈرون حملے ہوتے تھے تو اس وقت فضل الرحمان پراسرار طور پر کیوں خاموش تھے؟۔