اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے گجار، کورنگی، مچھ گوٹھ کے تین بڑے نالوں کی صفائی کا 95 فیصد کام مکمل کر لیا جبکہ باقی ماندہ کھدائی اور سلٹ نکالنے کا کام شیڈول سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو 8 اگست تک تینوں بڑے برساتی نالوں کی صفائی مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جس نے اب تک 95 فیصد کام مکمل کر لیا ہے جبکہ باقی ماندہ کام طے شدہ مہلت پوری ہونے سے قبل مکمل کئے جانے کی توقع ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گجار نالہ کی صفائی کا کام 95 فیصد، کورنگی نالہ کی صفائی کا کام 100 فیصد اور مچھ گوٹھ نالہ کی صفائی کا کام 90 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق تینوں بڑے برساتی نالوں سے کوڑا کرکٹ، سلٹ پلاسٹک کا مواد نکالا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ نالے بند ہو گئے تھے۔ این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ایف ڈبلیو او اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔