فرنٹیئر کور بلوچستان کا بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن‘ آئی ایس پی آر

121

راولپنڈی ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) فرنٹیئر کور بلوچستان، خفیہ اداروں اور لیویز نے اتوار کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کئے اور کالعدم بلوچ ریپبلک آرمی (بی آر اے) سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ دہشت گرد سنی شوران اور سبی کے جنوبی علاقوں سے گرفتار کئے گئے ہیں۔ خفیہ معلومات پر الیاسی نالہ ڈیرہ بگٹی اور ڈوکی کے علاقوں سے اسلحہ کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی ہے۔ ایک اور خفیہ اطلاع پر قلعہ سیف اللہ سے بھی چار دیسی ساختہ بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیئے گئے ہیں۔