اسلام آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کے کارکنان دلجمعی کے ساتھ مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور نئے کورونا کیسز کی تعداد میں کمی کا سہرا فرض شناس ہیلتھ ورکرز کے سر بھی ہے۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹویٹر پر ہیلتھ کیئر ورکرز کے نام ویڈیو پیغام انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی جانب سے ریکارڈ کیا گیا ویڈیوپیغام وزارت صحت کے ”وی کئیر“ پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کا عزم و ہمت کورونا سے نمٹنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کی حفاظت کیلئے پاکستان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے اور یہ بات قابل ذکر ہے کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے ہیلتھ کیئر ورکرز کی حفاظت کواولین ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ”وی کئیر” کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کوحفاظتی سامان کے درست استعمال بارے خصوصی تربیت دی جارہی ہے اور عالمی سطح پرپاکستان کے اس قدام کی ستائش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وی کیئر کے تحت چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں اب تک 60 ہزار سے زائدہیلتھ ورکرز کو تربیت دی جاچکی ہے۔ وزیر صحت نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیراختیا رکر کے اپنے پیاروں کیساتھ ساتھ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہری مویشی منڈیوں کے حوالے سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور عید کے روز بھی عید گاہوں میں ماسک کا استعمال اور آپس میں چھ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کورونا کے پھیلاو¿ کو روکا جاسکے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام کی مدد اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کورونا کی پسپائی پر منتج ہوگا۔