پیرس ۔ 3 جون (اے پی پی) سپین کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو رافیل نڈال اور سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار عالمی نمبر تین راجر فیڈرر اور سوئس سٹار وارینکا اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ فرانس میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل راﺅنڈ میچ میں شہرہ آفاق ہسپانوی کھلاڑی رافیل نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ارجنٹائن کے کھلاڑی جان لانڈرو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2، 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔