پیرس۔5جون (اے پی پی):امریکا کی ٹینس سٹار،2023 کی یوایس چیمپئن اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ کوکو گف اور وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان ٹینس کھلاڑی لوئس بوسن اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ امریکا کی ہی ٹینس سٹار میڈیسن کیز اور روسی ٹینس سٹار میرا اینڈریوا کوارٹر فائنل رائونڈ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئیں ۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا آغاز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے،جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں 21 سالہ امریکی ٹینس سٹار کوکوگف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم وطن حریف ٹینس سٹار میڈیسن کیز کو 7-6(8-6)،4-6 اور 1-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل رائونڈ میں جگہ بنائی ۔22 سالہ وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان ٹینس کھلاڑی لوئس بوسن نے بھی کوارٹر فائنل لائن اپ عبور کرلی ،
انہوں نے روسی ٹینس سٹار میرا اینڈریوا کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(6-8)اور 3-6 سے ہرا کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔