پیرس۔6جون (اے پی پی): رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نوویک جوکووچ ، ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز ،یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس ،روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف ،ڈنمارک کے ہولگر رونے ،ناروے کے کیسپر رڈ،جرمنی کے الیگزینڈر زویروف اور ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔
نوویک جوکووچ نے اپنے 17ویں فرنچ اوپن ٹینس کوارٹر فائنل میں پہنچ کر ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال کے آل ٹائم ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے حریف پیرو کے ٹینس کھلاڑی جان پابلو واریلاس کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے اطالوی حریف لورینزو موسیٹی کو مات دی ۔یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے پری کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریا کے حریف کھلاڑی سیباسٹین آفنرکو شکست دی ۔ روسی کھلاڑی کیرن خچانوف نے پری کوارٹر فائنل میں اٹلی کے لورنزوسونیگوکو ہرایا۔ڈنمارک کے ہولگر رونے نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ارجنٹائن کے فرانسسکو کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔
ناروے کے کیسپر رڈ نے چلی کے نکولس جیری کو پچھاڑا۔جرمن الیگزینڈر زویروف نے بلغاریہ کے گریگور دیمتروف کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل لائن عبور کی جبکہ ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری نے پری کوارٹر فائنل میچ میں جاپانی حریف کھلاڑی یوشی ہیتو نیشیوکا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ کا مقابلہ روسی کھلاڑی کیرن خچانوف سے، ہسپانوی کارلوس الکاراز کا مقابلہ یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس سے ، ڈنمارک کے ہولگر رونے کا مقابلہ ناروے کے کیسپر رڈسے اور جرمنی کے الیگزینڈر زویروف کا مقابلہ ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری سے ہوگا۔