اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی): ملک سے فرنیچرکی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فرنیچرکی برآمدات سے ملک کو2.402 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 36 فیصدزیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فرنیچرکی برآمدات سے ملک کو1.767 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ستمبرمیں فرنیچرکی برآمدات کاحجم 0.467 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواگست میں 1.529 ملین ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 0.690 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2022 میں فرنیچرکی برآمدات کاحجم 7.32 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔