اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائلز سمیت 11 مختلف برآمدی شعبوں کی برآمدات میں فروری 2022 کے دوران 36 فیصد اضافہ ہوا۔ وزارت تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ سے ان شعبوں کی برآمدات میں دہرے ہندسہ کا اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کے شعبہ جات کےلئے کیش سبسڈیز سمیت متعدد مراعات کا فیصلہ کیا جس کے بعد برآمدات کے نمایاں اضافہ میں مدد ملی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فروری 2022 کے دوران ان شعبوں کی برآمدات کا حجم 2.8 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ فروری 2021 میں برآمدات کی مالیت 2.06 ارب ڈالر رہی تھی ۔
اس طرح فروری 2021 کے مقابلہ میں فروری 2022 کے دوران ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائلز سمیت 11 مختلف برآمدی شعبہ جات کی قومی برآمدات میں 0.47 ارب ڈالر یعنی 35.78 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران مردانہ ملبوسات کی برآمدات 49 فیصد بڑھوتری سے 309 ملین دالر کے مقابلہ میں فروری 2022 کے دوران 460 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ ہوم ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ فروری 2021 میں برآمدات سے 312 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیاتھا تاہم فروری 2022 میں برآمدات کی مالیت 400 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ اس طرح خواتین کے ملبوسات کی برآمدات بھی 49 فیصد بڑھوتری سے 54 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 81 ملین ڈالر اور ٹی شرٹس کی برآمدات 41 فیصد اضافہ سے 47 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 66 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
مزید برآں نان ٹیکسٹائلز کے شعبوں میں چاول کی برآمدات میں 42 فیصد، چمڑے کے ملبوسات میں 24 فیصد اور پلاسٹک کی برآمدات میں 95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔