فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد5 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ حجاج مدینہ پہنچ چکے ہیں، سعودی وزارت حج وعمرہ

70
سعودی وزارت حج وعمرہ

مدینہ منورہ ۔23جولائی (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جمعے تک مدینہ منورہ پہنچنے والے حجاج کی تعداد پانچ لاکھ 80 ہزار 580 ہو گئی ہے۔

سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مدینہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرہورٹ کے ذریعے اپنے ممالک روانہ ہونے والے حجاج کی تعداد چار لاکھ 18 ہزار 734 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ روز مدینہ پہنچنے والے حجاج کی تعداد 22 ہزار 718 رہی جبکہ پہلے سے موجود 28 ہزار 113 حجاج جمعے کو مدینہ منورہ سے اپنے ملکوں کو روانہ ہوئے۔

علاوہ ازیں مختلف قومیتوں کے ایک لاکھ 61 ہزار 750 حجاج اب بھی مدینہ میں موجود ہیں۔ ہوٹلوں میں رہائش کی شرح 45 فیصد تک ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہزار 689 حجاج نے مدینہ منورہ میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات سے فائدہ اٹھایا ہے۔