فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری سکیم کے تحت 19000 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے

81
سعودی وزیر حج وعمرہ اور پاکستانی وفد کے مابین حج سیزن 1444ھ کے انتظامات کے حوالے سے معاہدے پر دستخط

مکہ مکرمہ ۔17جون (اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری سکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر 19000 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے ہیں ،

حج سے قبل فلائٹ آپریشن کے دوسرے مرحلے کے تحت براہ راست جدہ کے لئے پروازیں شروع ہوگئی ہیں 2 ہزار عازمین نے مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے ۔ مکہ مکرمہ میں قائم مین کنٹرول آفس سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مدینہ منورہ میں 8 دن قیام مکمل کرنے والے 6 ہزار سے زائد عازمینِ حج مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے ۔ 16 جون سے براہ راست جدہ کے لئے شروع ہونے والی پروازوں کے ذریعے دو ہزار سے زائد عازمینِ مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں ۔

جمعہ کو مزید پانچ پروازوں کے ذریعے 17 سو عازمینِ حج جدہ ایئرپورٹ پہنچیں گے۔نجی حج سکیم کے تحت 2 سو عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ۔ 275 افراد پر مشتمل طبی عملہ ، معاونین اور مذہبی امور کے اہلکار مکہ مکرمہ ،مدینہ اورجدہ میں انتظامی امور میں مصروف ہیں ۔شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھول کر حج مشن آنے والے 94 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچا دیا ہے۔

اسی طرح حرم گائڈز نے حرم شریف کے باہر 2 ہزار سے زائد عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی ۔عازمین کاذاتی سامان گمنے کی 215 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے193 اشیا تلاش کر کے عازمین کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔ ترجمان کے مطابق مین کنٹرول آفس نے اب تک صفائی ، موبائل سم، پانی ، رہائش اور کھانے سے متعلق 22 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے ۔

عازمینِ حج کی صحت کی حفاظت کیلئے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی دو ہسپتال اور 6 ڈسپنسریاں مصروف عمل ہیں ۔مین کنٹرول آفس کے شعبہ سہولت و تعاون کی زیر نگرانی تمام شعبہ جات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر شعبہ کا سٹاف شفٹوں میں متعین کیا گیا ہے۔