فری لانسنگ کےشعبہ سےمنسلک 35 فیصد افراد کی ماہانہ اوسط آمدن15ہزار روپے سے کم ، 5 لاکھ روپے ماہانہ کمانے والوں کی شرح 9 فیصد ہے ،رپورٹ

195
Pakistan Freelancers Association
Pakistan Freelancers Association

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):فری لانسنگ کےشعبہ سےمنسلک 35 فیصد افراد کی ماہانہ اوسط آمدن15ہزار روپے سے کم جبکہ 5 لاکھ روپے ماہانہ کمانے والوں کی شرح 9 فیصد ہے ۔ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے تحقیقاتی اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے دوران فری لانسنگ سے منسلک افراد میں سے 35 فیصد لوگوں کی ماہانہ اوسط آمدن 15 ہزار روپے سے کم ہے جبکہ13فیصدافراد 15 تا 30 ہزار روپے اور 11 فیصد افراد کی اوسط ماہانہ آمدن 30 تا 50 ہزار روپے ہے ۔

اسی طرح 50 ہزار تا ایک لاکھ روپے تک کمانے والے افراد کی شرح 12 فیصد جبکہ ایک لاکھ تا 2 لاکھ روپے آمدنی حاصل کرنے والے فری لانسرز کی شرح 9 فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق فری لانسنگ کےشعبہ میں خدمات فراہم کرنے والے 11 فیصد کی آمدنی 2 تا 5 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

مزید برآں 9 فیصد فری لانسرز کی اوسط ماہانہ آمدن 5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے ۔ واضح رہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی )میں فری لانسنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا اور نوجوان طبقہ کی اکثریت کا روز گار فری لانسنگ سے منسلک ہے ۔